شعیب ملک کی وسیم اکرم سے پہلی ملاقات کے وقت کیا ہوا تھا؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم سے پہلی ملاقات کی کہانی میزبان فخر عالم نے بیان کردی۔

اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں میزبان فخر عالم نے بتایا کہ ’شعیب ملک ٹرائلز کے لیے موجود تھے اس دوران وسیم اکرم جب واپس جانے لگے تو سب کو منع کیا گیا تھا کہ کوئی گاڑی کے قریب نہیں جائے گا لیکن شعیب ملک بھاگتے ہوئے وسیم سے آٹو گراف لینے گئے۔

میزبان نے بتایا کہ شعیب کے پاس قلم بھی نہیں تھا وسیم اکرم نے قلم منگوایا اور شعیب ملک کو آٹو گراف دیا۔

یہ سن کر وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے یہ یاد نہیں ہے پر کون کہہ سکتا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے کھیلیں گے، کپتان بنیں گے۔

شعیب ملک نے چندرپال سے متعلق ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ہم ایڈیلیڈ میں موجود تھے اس دوران جنوبی افریقہ کے روڈی کوئٹزن امپائر تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ لیگ امپائر تھے میں ان کے ساتھ ہی فیلڈنگ کررہا تھا اور چندرپال بیٹنگ کررہے تھے۔

شعیب ملک نے کہا کہ جیسے ہی بولر نے بھاگنا شروع کیا تو امپائر کہنے لگے اپنا کیپ مجھے دو، میں نے کہا کیوں میں تو فیلڈنگ کررہا ہوں۔

روڈی کوئٹزن نے کہا کہ لگ ایسا رہا ہے کہ چندرپال کو تم بولنگ کررہے ہو کیوں کہ وہ تمہاری طرف کھڑا ہے۔