معذرت کے ساتھ؟ ۔ ۔ ۔ شعیب ملک پھٹ پڑے

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر پھٹ پڑے اور ٹیم کی کارکردگی پر کھل کر بات کی ۔

اے اسپورٹس کے پروگرام دی پویلین میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ بڑی ٹیموں کی اگر بات کی جائے تو ، جہاں پر رنزبننے چاہئیں 300 تو وہ 350 پر لے کر جاتے ہیں ، جہاں پر رنز بننے چاہئیں 350 وہ وہاں پر 370 پر لے کر جاتے ہیں ۔

مگر ہمارے جہاں پر رنز بننے چاہئیں 340 ہم وہاں 280 بناتے ہیں ، جہاں پر ہمارے رنز بننے چاہئیں 370 وہاں ہم بناتے ہیں 320، بالنگ اٹیک کو رنز روکنے چاہئیں مگر معذرت کے ساتھ یہ ان سے نہیں ہوپارہا ۔

شعیب ملک نے کہا کہ ان چیزوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ہمیں جس برانڈ کی کرکٹ کھیلنی چاہئے ، ہم اس کی کوشش بھی نہیں کررہے ۔ اس وجہ سے ہمارے ایسے حالات ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ پہلی بار افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف افغانستان نے 49ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

رحمان اللہ گرباز نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ابراہیم زدران 87 رنز بنا کر نمایاں رہے، رحمت شاہ 77 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔