پاکستان کے اسٹار کرکٹر شعیب ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام اور ٹوئٹر کی پروفائل سے اہلیہ ثانیہ مرزا کا نام ہٹا دیا ہے جس کے باعث اسٹار جوڑے میں علیحدگی کی افواہیں بڑھ گئی ہیں۔
پاکستان کے اسٹار کرکٹر شعیب ملک اور سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ازدواجی تعلقات کے بارے میں کئی ماہ سے افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم اب شعیب ملک نے اپنی سوشل میڈیا ٹوئٹر اور انسٹا گرام کی پروفائل سے ثانیہ مرزا کا نام بھی ہٹا دیا ہے جس کے باعث ان کے پرستاروں میں اسٹار جوڑی میں باضابطہ علیحدگی کی خبریں گشت کرنے لگی ہیں۔
اسٹار جوڑی شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی کیا واقعی طلاق ہو گئی۔ سابق کپتان شعیب ملک کے چھوٹے سے عمل نے سب کچھ واضح کر دیا۔
حال ہی میں قومی کرکٹر شعیب ملک نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ بائیو میں بڑی تبدیلی کر تے ہوئے اہلیہ کا نام ہٹا دیا۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا جن کی شادی 2010 میں دھوم دھام سے ہوئی تھی اور یہ کھیلوں کی دنیا کی خوبصورت اور پرکشش جوڑی مانی جاتی ہے جن کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک بھی ہے جو شادی کے 8 سال بعد 2018 میں ہوا تھا۔
شادی کے بعد اسپورٹس جوڑے نے کسی تنازع سے بچنے کے لیے دبئی میں اپنا گھر بھی لیا تھا جہاں اپنے اپنے کھیل کے میدانوں سے فراغت کے بعد وہ اکٹھا وقت گزارتے تھے۔
تاہم گزشتہ کچھ ماہ سے دونوں اسپورٹس اسٹار جوڑی کے درمیان خراب تعلقات کی خبریں میڈیا میں گردش کر رہی تھیں جن کو شعیب اور ثانیہ نے علیحدہ علیحدہ رہ کر تقویت دی۔ اسی دوران ثانیہ نے بیٹے اور فیملی کے ہمراہ شعیب کے بغیر عمرہ ادا کیا جب کہ شعیب ملک اپنے بیٹے کے ساتھ تنہا بیڈمنٹن کھیلنے اور ثانیہ کا تہوار بیٹے کے ساتھ تنہا منانے کی ویڈیو تسلسل سے سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوتی رہیں۔
شعیب ملک جن کی انسٹا گرام بائیو میں جس جگہ سپر ویمن ثانیہ مرزا کا شوہر لکھا ہوا تھا وہاں سے اب یہ نام ہٹ چکا ہے اور اس کی جگہ ’’والد ہونا اس دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے‘‘ لکھ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسٹار جوڑی نے ان افواہوں کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی ہے چند ماہ قبل ازدواجی تعلق سے متعلق شعیب ملک نے ہی ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے اور اہلیہ کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے بس وہ دونوں اس لیے ایک ساتھ نہیں رہ رہے کیونکہ ٹینس چھوڑنے کے بعد ثانیہ کا بھارت میں ایک فرنچائز کے ساتھ معاہدہ ہے جس میں وہ مصروف ہیں جب کہ ان کے بیٹے سے بھی دن میں دو سے تین مرتبہ موبائل فون پر بات چیت ہو جاتی ہے۔
تاہم حال ہی میں شعیب ملک کے اس اقدام سے ان افواہوں کو پھر ہوا مل گئی ہے اور ان کے پرستار جوڑی کے بارے میں جاننے کے لیے بے چین ہیں۔