شادی کی تقریب میں دولہا پر فائرنگ، ویڈیو سامنے آگئی

ترکیہ کی ریاست دیار بقر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک شخص نے اپنی محبوبہ کی شادی میں پہنچ کر اس کے دولہا پر فائرنگ کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص لڑکی سے شادی کا متمنی تھا، مگر لڑکی نے اس کی بات رد کردی تھی، ملزم سے یہ برداشت نہ ہوا اور شادی کی تقریب میں پہنچ کر دولہا پر فائرنگ کردی۔

اطلاعات کے مطابق موقع پر موجود افراد نے دولہا کو اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی زندگی بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

اس حملے کی تفصیلات ترکیہ کے ینی شفق میڈیا آؤٹ لیٹس پر شائع ہونے والی ویڈیو میں دیکھی جاسکتی ہیں جنہیں سی سی ٹی وی کیمروں نے محفوظ کر لیا۔

مشتعل نوجوان کو ویڈیو میں گولی چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس کے باعث دولہے کے ہمراہ موجود ایک بچہ بھی زخمی ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔