10 روپے کا تنازع دکاندار کی جان لے گیا

بھارت میں 10 روپے کے تنازع پر دکاندار کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے مین پوری میں 10 روپے کے تنازع پر دکاندار کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول مہیش چند جاٹاو دلت تھا اور اپنی عارضی دکان کے باہر سو رہا تھا جب ملزم گلفام عرف گلا بنجارا نے اس کے سر پر گولی ماردی۔

پولیس نے ملزم گلفام کو گرفتار کرکے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش کمار کے مطابق گلفام نے انکشاف کیا کہ جاٹاو اپنی دکان پر دیگر اشیا کے علاوہ پیٹرول بھی فروخت کرتا تھا۔ اس واقعے سے کچھ دن پہلے گلفام نے جاٹاو سے پیٹرول خریدا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ دکان سے نکلنے کے بعد، گلفام نے لین دین میں 10 روپے کا فرق دیکھا۔

گلفام نے مقتول سے بیلنس کی رقم کو ایڈجسٹ کرنے کو کہا لیکن اس نے انکار کر دیا، جس کے بعد ان کے درمیان جھگڑا ہوا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول نے گلفام کو دھمکی بھی دی تھی، مقتول کی دھمکی کے بعد گلفام نے بدلہ لینے کا فیصلہ کیا اور دکاندار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔