اسلام کی خدمت سب سے زیادہ وزیر اعظم عمران خان نے کی ہے، شوکت یوسفزئی

اسلام آباد : خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اسلام کی خدمت سب سے زیادہ وزیر اعظم عمران خان نے کی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ جب تک قوم کا پیسہ لٹیروں سے نکلوا نہیں لیتے یہ جیلوں میں ہی رہیں گے،آزادی مارچ میں شرکت کے لیےجانے والے کسی فرد کو نہیں روکا جا رہا۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان جتنے مرضی لوگ لے جائیں؟ان کی اصل تعداد کا معلوم ہو جائے گا، آزادی مارچ میں شرکت کے لیے جانے والے کسی فرد کو نہیں روکا جا رہا، ہمیں سمجھ نہیں آتی مولانا فضل الرحمان کا کون سا مینڈیٹ تھا جو چوری ہو گیا؟ ان کو تو کبھی مینڈیٹ ملا ہی نہیں۔

وزیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ آزادی مارچ میں حزب اختلاف کی تمام جماعتیں شامل ہیں اور ان کے پاس کوئی ایجنڈا ہی نہیں ہے کہ یہ کیوں آزادی مارچ کر رہے ہیں؟

اگر یہ کہتے ہیں دھاندلی ہوئی ہے تو جن حلقوں کی بات کریں گے ہم تو کھولنے کے لیے تیار ہیں۔ حزب اختلاف اگر جمہوریت پسند ہیں تو یہ جمہوریت کا راستہ اپناتے اور ایوان میں بات کرتے یا پھر عدالت جاتے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی خدمت سب سے زیادہ وزیر اعظم عمران خان نے کی ہے اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں،خیبر پختونخوا میں سودی نظام کے خلاف اسمبلی میں ہم بل لے کر آئے۔

جب تک قوم کا کھایا ہوا پیسہ سابق حکمرانوں سے نکال نہیں لیتے یہ اس وقت تک جیلوں میں رہیں گے انہوں نے اس قوم کا پیسہ لوٹا ہے۔