شبھمن گل نے بابر اعظم کا ریکارڈ توڑ دیا

شبھمن گل

بھارتی بیٹر شبھمن گل نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں شبھمن گل نے بابر اعظم کا 26 اننگز میں تیز ترین 1322 رنز اسکور کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔

شبھمن گل نے 39 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد انہوں نے 26 اننگز میں 1352 رنز بنا کر ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

اس سے قبل انگلینڈ کے جوناتھن ٹروٹ 26 اننگز میں 1303 رنز اسکور کرچکے ہیں، فخر زمان نے 26 اننگز میں 1275 رنز اسکور کیے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے ریسی وین ڈر ڈوسن نے اتنی ہی اننگز میں 1267 رنز بنا رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میزبان ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ کو 63 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔