سدرہ اعظم قتل کیس میں بڑی پیشرفت، پولیس نے مرکزی ملزم کا سراغ لگا لیا

سدرہ اعظم قتل کیس، پولیس نے مرکزی ملزم کا سراغ لگا لیا

(27 جولائی 2025): راولپنڈی کے علاقے شکریال میں قتل کی گئی سدرہ اعظم نامی خاتون کے کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم کا سراغ لگا لیا۔

تھانہ صادق آباد کے علاقے میں گزشتہ روز 3 بچوں کی ماں سدرہ اعظم کو گھر میں قتل کیا گیا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کا سراغ لگا لیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس کی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم نے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کا سراغ لگایا، قتل میں ملوث ملزمان مقتولہ سدرہ اعظم کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سدرہ اعظم کو کیوں قتل کیا گیا؟

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کا شوہر یا رشتے دار قتل میں ملوث نہیں ہیں۔

گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ راولپنڈی کے علاقے شکریال میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر خاتون کو فائرنگ کر کے گھر میں قتل کیا گیا۔

آج واقعے کا مقدمہ مقتولہ سدرہ اعظم کے خاوند عمر فاروق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق بیوی نے واقعہ سے قبل بچوں کو ایک عزیزہ کے گھر چھوڑ دیا تھا۔

شوہر نے بتایا کہ مرکزی دروازہ اندر سے بند تھا گھر پہنچا تو دیکھا بیوی خون میں لت پت پڑی تھی، نامعلوم شخص نے گھر میں داخل ہو کر میری بیوی کو قتل کیا۔