لاہور : ہائیکورٹ نے سابق ارکان اسمبلی کی نااہلی کیخلاف اپیلیں آئندہ ہفتے دورکنی بنچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا. عدالت نے قرار دیا کہ وہ آئندہ ہفتے موجودہ بنچ تعطیلات پر ہے اس لئے اسے دوسرے دو رکنی بنچ کےسامنے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
بنچ نے ریمارکس دیئے کہ جو دو رکنی بنچ اپیلوں پر سماعت کرے گا وہ خود اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرے گا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ارکان اسمبلی نے سرنڈر کیا ہے تو وکیل نے بتایا کہ سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کیں ہیں، سابق ایم پی اے احمد خان بچھر اور محمد احمد چٹھہ نے اپیلیں دائر کیں ہائیکورٹ آفس نے اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض لگایا کہ اپیل کنندہ سزا یافتہ ہیں اس لئے پہلے سرنڈر کریں.
بعد ازاں عدالت کے دورکنی بنچ نے اپیلوں پر سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی ۔
اس سے پہلے ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے احمد خان بچراورمحمد احمد چٹھہ کی درخواستیں مسترد کر دی تھی.