بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ شروع

لاہور: کرتارپورراہداری منصوبہ مکمل ہوچکا ہے اور بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا  ہے، کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 1500یاتری پہنچ گئے ، متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد نے استقبال کیا ، واہگہ بارڈر سے سکھ یاتریوں کی آمد کل بھی جاری رہے گی۔

گذشتہ روز باباگرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے یاتریوں کی آمد کا شیڈول جاری کیاگیا تھا ، ترجمان متروکہ وقف املاک کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کی آمد5 نومبر سے شروع ہوگی، بھارت سے سکھ یاتری خصوصی ٹرین سےپاکستان پہنچیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کو سخت سیکورٹی میں ننکانہ صاحب جنم استھان لے جایا جائے گا۔

مزید پڑھیں : بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات، یاتریوں کی آمد کا شیڈول جاری

یاد رہے حکومت کی جانب سے باباگرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ کا اجرا کردیا گیا ہے، ملک بھرمیں یادگاری ٹکٹ کرتارپورراہداری کھلنے کے دن سے دستیاب ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرتارپور سکھ یاتریوں کے خیرمقدم کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان بابا گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر نومبر میں کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے پُرعزم ہے جس کا باضابطہ افتتاح 9 نومبر کو وزیراعظم عمران خان کریں گے۔