کراچی : سندھ اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں 3 لاکھ روپے اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد ایم پی اے کی تنخواہ 4 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی صدارت میں اراکین سندھ اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار، اپوزیشن لیڈر اور دیگر شریک ہوئے ، جس میں تمام صوبوں کے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں کا جائزہ لیا گیا اور تنخواہوں میں اضافے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اراکین کی تنخواہوں میں تین لاکھ روپے اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی نے ایم پی اے کی تنخواہ 4 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اسمبلی کے اراکین کی تنخواہیں پنجاب اور بلوچستان کے ممبران کے برابر ہو جائیں گی۔
مزید پڑھیں : سندھ اسمبلی کے ارکان کی تنخواہیں اور مراعات بڑھ گئیں، بل اتفاق رائے سے منظور
پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے ترمیم کی منظوری کے بعد اسے سندھ اسمبلی سے حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
قبل ازیں اراکین کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے تھی، حکام کے مطابق یہ اقدام اراکین کی مراعات میں یکسانیت اور صوبائی اسمبلیوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے رواں ماہ ہی صوبائی اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنس میں اضافے کا بل منظور اتفاق رائے سے منظور کیا گیا تھا۔