کراچی : سندھ اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی نے وزیراعلی،اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وزراء، مشیروں، معاون خصوصی اور پارلیمانی سیکریٹری کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی سفارش کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی نے وزیراعلیٰ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وزراء،مشیران،معاون خصوصی وغیرہ کی تنخواہوں اورمراعات میں اضافے کی سفارش کردی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ اور اسپیکر کی ماہوار تنخواہ میں اضافہ کرکے ڈیڑھ لاکھ، ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہ میں ایک لاکھ چالیس ہزارمقرر کرنے کی سفارش جبکہ صوبائی وزیراورمشیران کی تنخواہ 75 ہزار، معاون خصوصی کی 70 ہزار اور اراکین اسمبلی کی تنخواہ پچاس ہزارمقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی نے مراعات میں بھی اضافے کی سفارش کر دی ہے، وزیراعلیٰ کے سپلیمینٹری الاؤنس بیس ہزار، گھر کا کرایہ پچپن ہزار، مینٹیننس پچاس ہزار خصوصی اخراجات پانچ لاکھ مقرر کرنیکی سفارش کی گئی۔
وزیراعلیٰ کے میڈیکل اور دیگر الاؤنسز میں بھی اضافے کی سفارش کی گئی ہے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے سپلیمینٹری الاؤنس بیس بیس ہزار، خصوصی گرانٹ کم از کم پانچ تا دس لاکھ جبکہ مکان کا کرایہ ساٹھ تا ستر ہزار مقرر کرنیکی سفارش کی گئی۔
مشیر اور معاون خصوصی کا یوٹیلیٹی الاؤنس بیس بیس ہزار مقرر کرنے اور ماہوار چار سو لیٹر اور وزراء کو پانچ سو لیٹر پیٹرول دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کو پیٹرول ان لمٹ استعمال کرنے اور دیگر مراعات میں بھی ہزاروں روپے اضافے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔