فٹنس سرٹیفکیٹ : گاڑی مالکان کے لیے بڑی خبر آگئی

گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفیکیشن

کراچی : سندھ کابینہ نے واہ انڈسٹریز کو گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفیکیشن کی اجازت دینے کی اصولی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس ہوا،م اجلاس میں صوبائی وزراء ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، مشیران، خصوصی معاونین اور متعلقہ سیکریٹریز شریک ہوئے، اجلاس میں یومِ آزادی کی تقریبات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گاڑیوں کے فٹنس انسپیکشن سینٹر کے قیام کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ سندھ میں اسوقت 92 لاکھ (9.2 ملین) گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔

گاڑیوں کی فٹنس کے جدید نظام کے حوالے سے بریفنگ میں کہا کہ معیاری فٹنس سسٹم کی عدم موجودگی کے باعث گاڑیوں کی فزیکل انسپیکشن موٴثر طریقے سے ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ڈیجیٹائزڈ موٹر وہیکل انسپیکشن سسٹم کا آغاز کر دیا ہے اب گاڑیوں کو دی جانے والی فٹنس اسناد (Fitness Certificates) میں کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہیں ، رجسٹریشن اور چالان کی آن لائن ادائیگی کا نظام بھی قائم کر دیا گیا ہے اب تک 33000 سے زائد گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر چکی ہیں۔

مزید پڑھیں : گاڑی یا موٹر سائیکل کی ملکیت کیسے تبدیل کروائیں؟ مکمل طریقہ کار جانیئے

ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل، ملیر، ابراہیم حیدری اور کورنگی میں فٹنس کے لیے جدید آلات نصب کیے گئے ہیں۔

کابینہ اجلاس میں تجویزدی گئی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ چاہتا ہے کہ گاڑیوں کی فٹنس کا کام واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کو سونپا جائے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کا اجرا کمرشل اور ہیوی گاڑیوں کے لیے کیا جائے گا، فٹنس سینٹرز کراچی میں 5 مقامات پر جبکہ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانو، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد میں بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

سندھ کابینہ نے واہ انڈسٹریز کے ساتھ وہیکل فٹنس سرٹیفکیشن کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ واہ انڈسٹریز سے مشاورت کے بعد نیا پروپوزل کابینہ کو پیش کرے۔