وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ کے-الیکٹرک کی اونر شپ، شیئرز کسی دوسری کمپنی کو منتقل کرنے کی خبر کی تحقیق کررہے ہیں تاہم سندھ حکومت اپنے صوبے کے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اس لئے کسی بھی ایسے معاملے پر جس میں کراچی کے عوام کے مفادات متاثر ہونے کا اندیشہ ہو سندھ حکومت ایسے ہر معاملے میں صوبے کے عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ کرے گی۔
وزیر توانائی سندھ نے کہا ہے کہ کے-الیکٹرک کے حوالے سے کراچی کے شہریوں اور دیگر ذرائع ابلاغ سے ویسے بھی شکایات ملتی رہتی ہیں اور سندھ حکومت ان شکایات کے ازالے کے لئے کے-الیکٹرک، نیپرا اور وفاقی حکومت سے متواتر رابطے میں بھی رہتی ہے۔ اس لئے کے الیکٹرک کے بارے میں کسی بھی فیصلے کے وقت سندھ حکومت سے منظم مشاورت نہایت ضروری امر ہے۔
امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ کے۔الیکٹرک کی اونر شپ/ شیئرز کی تبدیلی کی خبر پر وفاقی حکومت کو پیشگی خط لکھ کر یہ بات باور کرادی جائے گی کہ کے-الیکٹرک کے مستقبل کے بارے میں کسی بھی فیصلے کے وقت سندھ حکومت کو باقاعدہ اس مشاورت میں شامل کیا جائے اور اعتماد میں لیاجائے تاکہ سندھ حکومت آئین اور قانون کے مطابق اپنے صوبے بالخصوص سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بناسکے.