گورنر سندھ کا ساحلی پٹی کے رہائشیوں کو ایک ماہ کا راشن دینے کا اعلان

ایم کیو ایم کے تحفظات، گورنر سندھ بھی اسلام آباد روانہ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سمندری طوان کے باعث ساحلی پٹی پر رہائش پذیر افراد کو روزانہ ایک وقت کا کھانا اور ایک ماہ کا راشن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے سے ساحلی پٹی پر رہائش پذیر لوگ بیروزگار ہوگئے ہیں۔ کل سے روزانہ انہیں ایک وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا جب کہ تمام ماہی گیروں کو ایک ماہ کا راشن پیکٹ بھی پہنچایا جائے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ساحلی پٹی پر رہنے والے ہر ماہی گیر کو ایک ماہ کا راشن اس کے گھر تک پہنچایا جائے گا اور جہاں راستہ نہیں ہے وہاں میں خود راشن لے کر جاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کے گھر چولہا نہ جلے تو اس سے بڑا طوفان کوئی نہیں ہوتا۔ مشکل گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اگر کوئی راشن ملنے سے رہ گیا تو اسے گورنر ہاؤس سے راشن دیا جائے گا۔

اس موقع پر کامران ٹیسوری نے سندھ نے سمندری طوفان کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں ٹول فری نمبر جاری کر دیا اور کہا کہ سمندری طوفان سے متاثرہ افراد 1366 نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں ان کی بھرپور مدد کی جائے گی۔