کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نےعید الاضحیٰ سے متعلق ایس او پیز جاری کر دیے۔نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماعات کھلے میدانوں میں ادا کیے جائیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر کے 20 نکاتی ایس او پیز عیدالاضحیٰ پر لاگو ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہوائی فائرنگ اور سمندر یا دریا میں نہانے پر پابندی ہوگی،پابندی کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔عید الاضحیٰ پر دفعہ 144 پر مکمل عمل کیا جائے،دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعلقہ تھانے کارروائی کریں۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ نماز عید کے لیے مقررہ مقامات کی قبل ازوقت نشاندہی کی جائے،نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے۔محکمہ داخلہ سندھ نے ہدایات نامہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دیا۔
اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ کی تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ حکومت سندھ کے ماتحت تمام اداروں میں عید الاضحیٰ کی چھٹیاں 31 جولائی بروز جمعہ سے 2 اگست بروز اتوار تک ہوں گی۔