کراچی:پاک بھارت کشیدگی کے پیش ِ نظر سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کی جانب سے گزشتہ رات نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں پاک بھارت کشیدگی کے پیش ِنظر بلدیاتی اور شہری اداروں کو باہمی رابطے کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بلدیاتی ادارے ہیوی مشینری تیار رکھیں۔صوبے بھر کی کونسلوں سے فائر ٹینڈرز،باوزر،ڈمپر،لوڈر،فراہمی ونکاسی آب کے پمپس کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
بلدیاتی کونسلوں سے مشینری کی موجودگی کے مقامات سے بھی آگاہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ تمام واٹر اسکیموں سے پانی کی سپلائی کو ہرممکن بحال رکھنے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
بلدیاتی اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ عوام کوخطرے سے آگاہ کرنے والے سائرن بھی تیار رکھا جائے تاکہ کسی بھی خطرے کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہی دی جاسکے۔
سند ھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں افسران اور ملازمین کو دفاتر میں موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔احکامات پر عمل نہ کرنے والے افسران وملازمین کو سخت محکمہ جاتی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات بھارت کی ممکنہ شر انگیزی کے پیش ِ نظر کراچی سمیت ملک کے کئی حساس مقامات پر لائٹ بند کرکے بلیک آوٹ کردیا گیا تھا اور اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی تھی۔