’اوور بلنگ پر کے الیکٹرک کے خلاف حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، صارفین کو ریلیف ملے گا‘

کراچی (29 جولائی 2025): وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اوور بلنگ پر کے الیکٹرک کے خلاف حکمت عملی تیار کر رہے ہیں صارفین کو ریلیف ملے گا۔

سندھ کے وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کے الیکٹرک پر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت اوور بلنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک کے خلاف حکمت عملی تیار کر رہی ہے، اس سے صارفین کو ریلیف ملے گا۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کو نوری آباد پاور پلانٹ سمیت دیگر ہائبرڈ اور سولر پارکس سے سستی بجلی دی جا رہی ہے۔ آئندہ دنوں میں اس کو مزید سستی بجلی کی فراہمی متوقع ہے، اس لیے اب انکار کی گنجائش نہیں۔ لیکن کے الیکٹرک کے رویے پر افسوس ہے کہ وہ فوسل فیول پر بلاجواز تحفظات ظاہر کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نیپرا میں سندھ کی نمائندگی ضروری ہے اور وفاق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نیپرا میں سندھ کو نمائندگی دی جائے۔ نیپرا کمیٹی میں سندھ کے تین نمائندے ہونے چاہئیں۔ حکومت، بزنس کمیونٹی اور صارفین کا ایک ایک نمائندہ شامل ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سولر پر ٹیکس کی مخالفت کرتی ہے۔ یہ صاف اور سستی توانائی کا ذریعہ ہے۔ صوبائی حکومت قابل تجدید توانائی میں خود کفالت کی جانب بڑھ رہی ہے۔ صنعتکاروں کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں اور ان کے لیے ’’ون ونڈو آپریشن‘‘ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ توانائی بحران کا حل صرف پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ہی ممکن ہے۔ صنعتی علاقوں کی بہتری کے لیے سندھ حکومت نے 5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔