کراچی: سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے این ٹی ایس پاس اساتذہ پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور 60 سے زائد خواتین، بچوں اور دیگر اساتذہ کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے این ٹی ایس پاس اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں پریس کلب پر احتجاج کیا۔
مظاہرین کے مطابق دو ہزار تیرہ میں انہوں نے پرائمری اور سیکنڈری کے این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کیے تھے، جس کے بعد انہیں نوکری کا آفر لیٹر دیا جانا تھا، لیکن سندھ حکومت نے انہیں آفر لیٹر نہیں دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کئی بار محکمہ تعلیم کے افسران سے ملاقات کر چکے ہیں، لیکن ہر بار انہیں امید دلا کر واپس بھیج دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اساتذہ اب دن میں 3 مرتبہ اسکول میں حاضری لگاٸیں گے
دوپہر سے پریس کلب پر ہونے والے احتجاج میں خواتین بچے اور سندھ بھرکے اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی، مظاہرین نے جیسے ہی وزیر اعلیٰ ہاؤس ریڈ زون جانے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج کرکے 60 سے زائد اساتذہ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
پولیس کے لاٹھی چارج کے دوران کئی اساتذہ زخمی بھی ہوئے۔
زیر حراست اساتذہ میں 20 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ خواتین مظاہرین کےساتھ دو چھوٹی بچیاں بھی موجود تھیں۔