سندھ کی پولیس پارٹی پر پنجاب میں حملہ

ساہیوال: سندھ کی پولیس پارٹی پر پنجاب میں حملہ ہوگیا، پولیس پارٹی کراچی سے اغوا خاتون کی بازیابی کے لیے پنجاب گئی تھی، حملہ ساہیوال کے نواحی گاؤں میں کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حملہ آوروں نے سندھ پولیس پارٹی سے اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی جس کے باعث ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔ حملہ آوروں نے اہلکار پر خنجر سے وار کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، حملے کے دوران ایک گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ معاملے سے متعلق متعلقہ اداروں نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے لاہورائیرپورٹ پر کارگو میں کارروائیاں کیں، دوران کارروائی ایک کارٹن سے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد ہوئی، منشیات کو چوڑیوں کے ڈبوں میں مہارت سے چھپایا گیا۔

ذرائع اے این ایف کا کہنا ہے کہ کنسائنمنٹ رحمان مسیح کے نام سے بک کرائی گئی جو مالدیپ جارہی تھی، ایئرپورٹ کارگو میں ہی دوسری کارروائی میں 1.8کلو گرام ہیروئن پکڑی گئ، ہیروئن لیدر جیکٹ میں چھپائی گئی تھی۔

جیکٹس کی کنسائنمنٹ محمدندیم کے نام سے کینیڈا کے لیے بک کرائی گئی تھی، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے سیل منتقل کردیا گیا ہے۔