وفاقی حکومت کا سندھ میں پولیو کی تیزی سے بگڑتی صورت حال پر اظہار تشویش

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سندھ میں پولیو کی تیزی سے بگڑتی صورت حال پر نوٹس لیتے ہوئے صوبائی پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ میں پولیو کی تیزی سے بگڑتی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس 23 تا 31 کے مئی کے دوران بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت نے پولیو کی ابتر صورت حال پر سندھ حکومت کے نام مراسلہ بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور شمالی سندھ میں پولیو سے متعلق صورت حال حوصلہ افزا نہیں ہے، سندھ بھر میں انسداد پولیو مہم کی نگرانی کا عمل متاثر کن نہیں ہے، سندھ میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز پولیو مہم کی مناسب نگرانی نہیں کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ میں خطرے کی گھنٹی بج گئی، پولیو کا ایک اورکیس سامنے آگیا

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پولیو کے موجودہ حالات کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، کراچی ڈویژن میں انسداد پولیو مہم کی کارکردگی مایوس کن ہے، کراچی میں بچوں کی بڑی تعداد پولیو ویکسی نیششن نہیں ہو پاتی۔

رواں برس سندھ میں پولیو وائرس کے 3 کیسز سامنے آچکے ہیں، لاڑکانہ سے 3 پولیو کیسز کا سامنے آنا تشویشناک ہے، سکھر، حیدرآباد، جیکب آباد کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے جبکہ کراچی کے علاقوں گلشن اقبال، لانڈھی، کورنگی، سائٹ لیاقت آباد ٹاؤن کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے۔

مراسلے میں وفاقی حکومت نے سندھ حکومت سے کہا ہے کہ صوبائی پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس 23 تا 31 مئی کے دوران بلایا جائے۔