سندھ رینجرز اور کسٹم انٹیلیجنس کی بڑی کارروائی، کروڑوں کا اسمگل شدہ سامان برآمد

سندھ رینجرز اور کسٹم انٹیلیجنس کی بڑی کارروائی، کروڑوں کا اسمگل شدہ سامان برآمد

کراچی: سندھ رینجرز اور کسٹم انٹیلیجنس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خفیہ گوداموں سے کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق انسداد اسمگلنگ کیلیے کریک ڈاؤن جاری ہے، رینجرز اور کسٹم انٹیلیجنس نے خفیہ اطلاعات پر بھاری نفری کے ہمراہ اسمگلنگ کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران یوسف گوٹھ بلدیہ ٹاؤن میں واقع خفیہ گوداموں سے کروڑوں روپے مالیت کا بھاری مقدار میں اسمگل شدہ سامان قبضے میں لے لیا۔

سامان میں کپڑا، پی وی سی پلاسٹک، ایرانی سرامکس ٹائلز، کراکری، سگریٹ، خشک دودھ، چھالیہ، خوردنی تیل، کھوپرا، شیمپو، صابن اور مختلف نوعیت کی اشیائے خورد و نوش شامل ہیں۔

برآمد شدہ غیر قانونی سامان مزید قانونی کارروائی کیلیے 20 ٹرکوں کے ذریعے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اس میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کیلیے ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر اطلاع دیں۔