معروف گلوکارہ کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

امریکا کی معروف پاپ اسٹار مائلی سائرس کا طیارہ پرواز کے دوران ناخوشگوار حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔

عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق گلوکارہ مائلی سائرس ایک کنسرٹ کے لیے جنوبی امریکی ملک پیراگوئے کے دارالحکومت اسونسیون جا رہی تھیں۔ طیارے میں ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

اونچائی پر مائلی سائرس کے طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا گئی جس کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرانا پڑی۔ طیارے کو معمولی نقصان بھی پہنچا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مائلی سائرس نے طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کے لیے پیغام لکھا۔

گلوکارہ نے لکھا کہ یہ پیغام مداحوں اور ہر اس شخص کے لیے ہے جس نے میرے طیارے کو حادثہ پیش آنے کے بارے میں سنا، طیارہ غیر متوقع طوفان میں پھنس گیا اور اس سے آسمانی بجلی ٹکرائی۔

انہوں نے کہا کہ طیارے میں موجود میں، اہل خانہ، بینڈ اور عملہ خیریت سے ہے۔