قرض ملنے پر خوش ایسے ہیں جیسے سرینگر پر جھنڈا لہرا دیا ہو، سراج الحق

قرض ملنے پر خوش ایسے ہیں جیسے سرینگر پر جھنڈا لہرا دیا ہو، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے قسطوں میں قرض دینے کا اعلان کیا ہے، قرض ملنے پر خوش حمکران ایسے ہیں جیسے سرینگر پر جھنڈا لہرا دیا ہو۔

پنجاب کے سرکاری ملازمین کے سول سیکرٹریٹ لاہور کے باہر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ لاہور میں خواتین احتجاج پر بیٹھی ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ باقی صوبوں کی طرح ہمیں مراعات دیں۔

سود پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت سودی نظام کے خلاف کچھ نہیں کروا سکی، اللہ نے فرمایا کہ جس نے میرا نظام چھوڑا اس کی معیشت برباد ہوگئی، سودی نظام کی وجہ سے ہماری معیشت برباد ہو چکی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو سودی نظام کو ختم کریں گے، اللہ کا نظام ہی ترقی کا نظام ہے، سوا 7 کروڑ اس وقت زکوة دینے کے اہل ہیں، ہم کوئی دیوانی باتیں نہیں کر رہے یہ نظام آزمودہ ہے، اس وقت پاکستان میں 22 فیصد شرح سود ہے۔

اس سے قبل گجرات میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے میں مہنگائی کا سونامی آئے گا، آئی ایم ایف سے نئے معاہدہ کی تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ بے روزگاری سے نوجوان خودکشیاں کر رہے ہیں، حکمران سیاسی جماعتوں نے ثابت کیا ملک اشرافیہ اور مافیا کا ہے، پارلیمنٹ میں موجود جاگیردار، ٹھیکیدار اور وڈیرے اپنے خرچ پر علاج تک نہیں کراتے۔