ن لیگ کی جعلی قیادت نے لاہور کو یرغمال بنایا ہوا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ کی جعلی قیادت نے 25 سال سے لاہور کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں لاہور کو بازیاب کرانا ہے۔ یہاں پینے کا پانی نہیں، سڑکیں خراب ہیں، سیوریج کا نظام برباد ہے۔ لاہور کا شمار اس وقت دنیا کے گندے ترین شہروں میں ہوتا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام بیدار ہوچکے ہیں، لاہور بدلے گا تو ملک بدلے گا۔

انھوں نے کہا کہ حکمران آپ کے پاس آئیں تو 80 ہزار ارب قرض کا حساب مانگیں۔ حکمرانوں کی جائیدادیں بیچ کر ملک کا قرض ادا کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ جمہوری ملک میں 2 خاندانوں نے حکومتیں بنائی ہوئی ہیں۔ کہتے ہیں سندھ پیپلزپارٹی کا اور پنجاب ن لیگ کا ہے۔ بہت ہوگیا اب ہمیں معاف کریں،عوام کو جینے دو۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں کی وجہ سے ملکی کرنسی افغانستان سے بھی کمزور ہے۔ عوام کی طاقت سے ملک میں انقلاب لارہے ہیں۔