لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے، شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، 2018 کی طرح پھر ایک پارٹی کو موقع دینے کا تاثر قائم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے انہیں متنازع بنانے سے اجتناب کیا جائے، انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
گیس کی قیمت میں ہوشربا اضافے پر سراج الحق نے کہا کہ گیس کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، نگراں حکومت آئی ایم ایف کے حکم پر عوام کو نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کا اقدام تو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے، جس گھر کا بل 250 روپے آتا تھا اب اس کا بل 1900 روپے آئے گا، پیٹرول کی قیمت میں 61 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا اور کمی 40 روپے کی گئی، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوئی لیکن کم ہونے سے کوئی چیز کم نہیں ہوئی۔
غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ پر 24 دنوں سے اسرائیلی بمباری جاری ہے لیکن اسلامی دنیا کے حکمرانوں نے فلسطین کی مدد کیلیے اقدامات نہیں اٹھائے، حکمرانوں کے ضمیر جگانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سراج الحق نے اعلان کیا کہ 12 نومبر کو سیالکوٹ اور 19 نومبر کو لاہور میں غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رپورٹ کے مطابق 18 ہزار ٹن سے زائد بارود استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قیامت ہے جو غزہ کے مسلمانوں پر برپا ہے، پوری دنیا اس وقت تماشا کر رہی ہے، عالمی سطح پر جنگ بندی کیلیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔