امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ میں چاہتاہوں سب لوگ اپنی ریڈلائن کوچھوڑ کر2قدم پیچھے ہٹیں الیکشن کرائیں اس کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 90 دن تو ویسے ہی گزر گئے ہیں اب آنے والے دنوں کو دیکھنا ہے حکومت اگر کہتی ہے الیکشن نہیں کرائیں گے تو یہ انتہائی غلط بات ہے ہم بھی اسٹیک ہولڈرہیں الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ خواہشات کی دنیا ہے لیکن عملی میدان میں صورتحال مختلف ہے خواہشات پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا لیکن آئین کےمطابق چلنا ہو گا، اداروں سے ٹکراؤ سے کسی کو فائدہ نہیں ہو گا بندگلی میں چلےگئےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شہری اور پارٹی ذمہ دار کے طور پر کوششیں کر رہا ہوں، 3 اداروں کو غیرجانبدار رہنا ہو گا ورنہ سیاست اور جمہوریت بچانا مشکل ہے اداروں کو مدعو کرنے کے بجائے ہمیں خود کوششیں کرناہوں گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ زمانہ نہیں رہا کہ رات کے اندھیرے میں فیصلے ہوتے تھے اب جو کچھ کرنا ہے عوام کے سامنے کرنا ہے ہم چاہتے ہیں ملک میں پُرامن الیکشن ہوں ملک کسی ایک پارٹی کا نہیں ہے 23 کروڑ عوام کا ہے ان سے پوچھیں کیا لڑائی پسند ہے یا پُرامن پاکستان۔