’’پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو ناقابل رہائش بنا دیا‘‘ سراج الحق کی یونان کشتی حادثے پر تنقید

یونان کشتی سانحے پر امیر جماعت اسلامی نے ٹویٹ کیا ہے جس میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرنے کے ساتھ لکھا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں نے ملک کو ناقابل رہائش بنا دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یونان کشتی ڈوبنے کے المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں درجنوں پاکستانی بھی شامل ہیں۔ اس دردناک واقعے پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ یونان کشتی سانحے پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے۔ سینکڑوں نوجوانوں نے بہتر مستقبل کے لیے لاکھوں روپے خرچ کیے لیکن کھلے سمندر میں جان سے گئے اور ان کے ساتھ ہی ان کے گھروں کی امیدیں بھی ڈوب گئیں۔

سراج الحق نے اپنے ٹویٹ میں موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں نے ملک کو ناقابل رہائش بنا دیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں یا مزدور، اکثر حالات سے مایوس ہو کر ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں اور حکومتی پارٹیوں سے منسلک لوگوں کے اثاثے بڑھ رہے ہیں جب کہ عوام کی قسمت میں صرف مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔ اس ظالمانہ نظام سے نجات ضروری ہے۔