ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ سودی نظام نے ہزاروں لوگوں کی زندگیاں تباہ کر دیں، اس نظام کے ذمہ دار وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہیں۔
سراج الحق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سود کے خلاف جنگ ہے اور جہاد بھی، سود کے خلاف مؤثر پروگرام لاہور، پشاور اور کراچی میں ہوا، پاکستان میں سودی نظام کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سودی نظام سے زندگیاں تباہ ہونے کے ذمہ دار وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہیں، انہوں نے بار بار سودی نظام کے خاتمے کا وعدہ کیا، ہمیں چاہیے ان کے گریبان پکڑیں یہ دونوں ہی ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے فرمایا سود میرے خلاف اعلان جنگ ہے، 75 سالوں سے یہاں سودی نظام قائم ہے، انگریز نے 1839 میں جو ایکٹ نافذ کیا پاکستان آج بھی اسی نظام پر کھڑا ہے، قائد اعظم نے گورنر اسٹیٹ بینک کو حکم دیا کہ اسلامی نظام لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور جتنے آئے سب نے سودی نظام کو جاری رکھا، جو حکمران سودی نظام جاری رکھتا ہے اللہ کے ساتھ جنگ کا اعلان کرتا ہے، ہم عوام بھی اس حکومت کے خلاف جنگ کا اعلان کریں۔
’یہ حکمران والد کا کردار ادا نہیں کرتے غریب کا خون چوستے اور ہڈیاں نچوڑتے ہیں۔ ہم اس سودی نظام کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم گزشتہ نصف صدی سے اس مہم میں لگے ہیں لیکن سودی نظام ختم نہیں ہوا۔‘