میئر کراچی جماعت اسلامی کا ہی ہوگا، پیپلز پارٹی مینڈیٹ تسلیم کرے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ میئر کراچی ہمارا ہی ہوگا، پیپلز پارٹی ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کرے، کراچی کو استنبول کی طرح عالم اسلام کا روشن شہر بنا سکتے ہیں۔

کراچی میں شاہراہ قائدین پر تحفظ کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں انسانوں کو حقوق ملنے چاہییں، 75 سال سے ملک کے وسائل کو لوٹا جا رہا ہے، ظالم حکمران اب بیلٹ باکس پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں، اب کوئی بیلٹ باکس یا قوم کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکتا۔

سراج الحق نے کہا کہ کراچی صرف ایک شہر نہیں بلکہ ماں کی طرح ہے، کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، کراچی پر حکومت کرنے والوں نے اس شہر کو تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پیپلز پارٹی اور عوام کا مقابلہ ہے، آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، جماعت اسلامی کو کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیا، 3 لاکھ ووٹ پیپلز پارٹی جبکہ 9 لاکھ ووٹ جماعت اسلامی اور اتحادیوں نے لیے، 3 لاکھ ووٹ والا 9 لاکھ ووٹ والے سے جیت جائے تو یہ ظلم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تو گھر جانے کی بجائے سیدھا کراچی آیا تھا، کراچی کے حقوق میرے بچوں سے ملنے سے زیادہ اہم ہے، جماعت اسلامی کراچی کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام نے مسترد کر کے جماعت اسلامی کو قبول کیا ہے، کراچی کے تمام لوگوں کے حقوق کی حفاظت کریں گے، ہم کراچی کو استنبول کی طرح عالم اسلام کا روشن شہر بنا سکتے ہیں۔