اسکردو: دریا میں کشتی الٹنے سے میاں بیوی سمیت 5 افراد ڈوب گئے

اسکردو (5 اگست 2025): معروف تفریحی مقام کچورا ثوق ویلی میں دریا کی سیر کے دوران کشتی الٹنے سے میاں بیوی سمیت 5 افراد ڈوب گئے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے صادق صدیقی کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ اسکردو کے خوبصورت تفریحی مقام کچورا ثوق ویلی میں پیش آیا جہاں کشتی دریا میں الٹنے سے 5 افراد ڈوب گئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ کشتی میں میاں بیوی سمیت 5 افراد سوار تھے کہ اچانک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں تمام افراد دریا میں ڈوب گئے۔

ریسکیو عملے نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو فوری طور پر بحفاظت ریسکیو کر لیا جب کہ خاتون سمیت دو افراد (میاں، بیوی) کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا اور ان کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ بظاہر حادثہ رافٹنگ آپریٹر کی غفلت کا نتیجہ لگتا ہے کیونکہ رافٹنگ آپریٹر کشتی دریا کے تیز بہاؤ والی جگہ تک لے گیا تھا۔ کشتی اسٹاپ سے آگے کھائی تک جانے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔