پنجاب میں اسموگ کے باعث سافٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجاویز تیار

پنجاب میں اسموگ کم کرنے کیلیے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کا پلان

لاہور: پنجاب میں اسموگ کے تدارک کیلیے سافٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجاویز تیار کر لی گئیں جس میں ریسٹورنٹس، مارکیٹس اور تعلیمی اداروں کی بندش شامل ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اسموگ کے حوالے سے اہم اجلاس آج طلب کر رکھا ہے جس میں درج ذیل تجاویز پیش کی جا سکتی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بدھ اور ہفتہ کو سافٹ لاک ڈاؤن کے بعد شہر میں ناکے لگانے، ہفتے کو مارکیٹس، جم، سینما، تھیٹر اور فیکٹریاں مکمل بند کرنے کی تجویز ہے۔

ہفتے کو ریسٹورنٹس بند کرنے کی تجویز ہے جس میں صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔ محکموں نے بدھ کو تعلیمی ادارے بھی بند کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق سافٹ لاک ڈاؤن میں بڑی شاہراہوں پر ٹریفک سگنل بند ہونے پر گاڑیوں کے انجن بند کرنے جبکہ شہر میں پبلک اور پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی محدود کرنے کی تجویز ہے۔

علاوہ ازیں، تجویز ہے کہ سرکاری دفاتر میں بدھ کو آدھے ملازمین کام کریں گے۔ خلاف قانون کام کرنے والی فیکڑیوں کو بند اور بھاری جرمانوں کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کی بھی تجویز ہے۔