لاہور میں اسموگ کے تدارک کیلئے کام کررہے ہیں، ملک امین اسلم

ملک امین اسلم

اسلام آباد/ لاہور : وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ سموگ دنیا بھر کا مسئلہ ہے، لاہور میں اسموگ بڑا ایشو ہے جس کے تدارک کیلئے کام کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ موسمیات لاہور آفس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ مانیٹرنگ سسٹم کی ایئر کوالٹی انڈکس کا ڈیٹا محکمہ ماحولیات کی ویب سائٹس پر شیئر کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ ورلڈ بینک کے ساتھ پروجیکٹ لانچ کرنے جارہے ہیں، مانیٹرنگ سسٹم کی استعداد دس گنا بڑھائیں گے، اسموگ کمیشن کی تجاویز پر کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے، تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں شجرکاری کا ٹارگٹ پورا کریں گے، بین الاقوامی سطح پر لاہور کی ایئر کوالٹی انڈکس کے متعلق افواہیں ہیں۔

علاوہ ازیں لاہور میں کسی بھی طرح کے کچرے کو آگ لگانے کی پابندی عائد کردی گئی ہے، مختلف چھاپہ مار ٹیمیں24گھنٹے چیکنگ کے لیےفیلڈ میں موجود ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق سال2017 کے بعد موجودہ سیزن میں اسموگ کا تناسب زیادہ رہا، فضا میں آلودگی کا تناسب 150پی پی ایم سے زیادہ ہے، صرف صنعت چیک کرنے کے لیے چار چھاپہ مارٹیمیں کام کررہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24سے48گھنٹے کے دوران لاہور شہر میں بارش کا امکان ہے، بارش کے بعد فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آجائے گی۔