حکومت پنجاب نے موحولیاتی آلودگی اور دھند کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز لاہور کی نمائندہ سدرہ غیاث نے باخبر سویرا میں بتایا کہ ہر سال اکتوبر اور نومبر میں اسموگ بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے خصوصاً صبح سویرے اور شام کے اوقات میں اس کا دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت جس طرح ان دو ماہ میں زیادہ متحرک نظر آتی ہے اگر سارا سال اس صورتحال پر نظر رکھی جائے اور چیک ایکنڈ بیلنس اسی طرح رکھا جائے تو اسموگ پر قابو پانے میں کافی حد تک مدد مل سکتی ہے۔
سدرہ غیاث نے بتایا کہ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد نے اسموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو فوری بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیلڈ اسٹاف کو متحرک رہنے اور سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
جگہ جگہ ناکے لگا کر گاڑیوں کو چیک کیا جارہا ہے اور اطلاعات کے مطابق اب تک چار ہزار سے زائد دھواں چھوڑنے والی اور فٹنس پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کو بند کیا جاچکا ہے اکے مالکان پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں جس میں کم از کم جرمانہ 2ہزار روپے ہے۔