مشرق وسطیٰ کشیدگی، شاہ محمود قریشی کا چار اہم ممالک کے دورے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کو کم یا ختم کرنے کے لیے جلد ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکا کے دورے کروں گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے  شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرے،  وزیراعظم نےخواہش کا اظہارکیا، اب کشیدگی کم کرنےکے لیے قدم اٹھاؤں گا اور مختلف ممالک کے دورے کروں گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میری مختلف ممالک کے حکام سے گفتگو ہوئی اور سب نے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا کیونکہ یہ خطہ مزید کشیدگی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکا کے دورے کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکی صدرکے گزشتہ روز دیے جانے والے بیان سےمثبت اشارےملےہیں، ایران کی جانب سےبھی کشیدگی کم کرنےکےاشارےملےہیں، دونوں ممالک کے خراب تعلقات اور جنگی ماحول خطے سمیت پوری دنیا کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اب یہ نہیں کہہ سکتا کہ کشیدگی کے بادل مکمل چھٹ گئے، دونوں ممالک کے درمیان کام بگاڑنے والے عناصر موجود تھے جو ابھی بھی اپنا کام کررہے ہیں، بگاڑ پیدا کرنے والے ہمارے پڑوس میں بھی ہوسکتے ہیں۔