کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس کی اسنیپ چیکنگ کے دوران ارکان اسمبلی کو بھی روک لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اسنیپ چیکنگ کے دوران ارکان اسمبلی کو روک لیا گیا، فیصل سبزواری، پی ٹی آئی کے راجا اظہر کو گاڑی کی تصدیق کے لیے روکا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق فیصل سبزواری اور راجا اظہر کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی تصدیق کے بعد جانے دیا گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز سلمان لودھی کے مطابق تحریک انصاف کے ایم پی اے راجا اظہر نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ تمام لوگوں کو چیک کیا جارہا ہے، شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون لازمی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے بھی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور جب تک ان کی گاڑی کلیئر نہیں ہوگئی وہیں انتظار کرتے رہے۔
مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم کے بیٹے کا کراچی میں چالان
پیپلزپارٹی کے سینیٹر امام الدین کے پروٹوکول کی گاڑی بھی دھر لی گئی، گاڑی پولیس موبائل کی طرح بنی تھی، سینیٹر کا ڈرائیور گاڑی چلا رہا تھا، گاڑی ڈرائیور سمیت تھانے منتقل کردی گئی۔
واضح رہے کہ کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف بھی پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں، ان گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے اتار کر بھاری چالان کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ 25 دسمبر کو ڈیفنس میں گھر کے باہر ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کو موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی گاڑی کا چالان کیا گیا تھا ان کی گاڑی میں فینسی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔