اسنوکر ورلڈ کپ: 2 پاکستانی کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

منگولیا میں کھیلے جا رہے اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑی چھا گئے اسجد اقبال اور اویس منیر نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

منگولیا میں کھیلے جا رہے اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسجد اقبال اور اویس منیر نے اپنے اپنے مسلسل تیسرے میچز جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

اسجد اقبال نے ورلڈ چیمپئن علی الوبیدلی کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا۔ انہوں نے قطری کھلاڑی کو تین ایک سے آؤٹ کلاس کیا۔ اسجد کی کامیابی کا اسکور 59-36، 26-63، 58-19 اور 70-58 رہا۔

اویس منیر نے اپنے تیسرے میچ میں ایرانی کیوئسٹ کو زیر کیا اور انہوں ے سیاوش موزایانی کو تین ایک کے اسکور سے شکست دی۔

اویس نے پہلا فریم ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور اگلے تینوں فریمز مسلسل جیتے۔ ان کی جیت کا اسکور 9-63، 78-34، 59-50 اور 73-13 رہا۔

دونوں کھلاڑی اپنے اپنے گروپس کے ٹاپ پر ہیں اور براہ راست پری کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کی ہے۔