پنجاب کے شہر چشتیاں سے تعلق رکھنے والی ٹانگوں سے معذور ٹک ٹاکر لڑکی نادیہ کی زندگی بدل گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چشتیاں کی ٹک ٹاکر نادیہ کی محبت میں گرفتار چنیوٹ کا نوجوان بارات لے کر پہنچا اور نادیہ کو رخصت کرکے گھر لے گیا۔
نادیہ کا کہنا تھاکہ یقین نہیں آتا کہ معذوری کے باوجود دلہن بن گئی ہوں، سوچا بھی نہیں تھا زندگی ایسے بدل دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر انہوں نے میری ویڈیوز دیکھی تھیں اور میسج کیے پھر بات شروع ہوئی تو انہوں نے مجھے پرپوز کرکے کہا کہ آپ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔
دلہن کا کہنا تھا کہ پہلے مجھے لگا تھا کہ شہریار مذاق کررہے ہیں کیونکہ معذور لڑکی کے لیے شادی کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
دلہے شہریار کا کہنا تھا کہ لڑکوں کو ظاہری خوبصورتی ہی نہیں دیکھنی چاہیے، نادیہ جیسی کئی خوبصورت لڑکیاں اپنے خوابوں کے شہزادوں کی منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بہت سی ایسی لڑکیاں موجود ہیں جو آپ کا انتظار کررہی ہوں گی کہ کوئی آئے اور ہمارا ہاتھ تھام کر اچھی زندگی دے۔