سہراب گوٹھ کی ندی میں 11 سالہ بچہ گر کر لاپتہ

سہراب گوٹھ

کراچی : سہراب گوٹھ لیاری ندی میں 11سال کے بچے کے گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، متوفی کی لاش تاحال نہ مل سکی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ حاجی جنت گل ٹاؤن سے متصل ندی میں گیارہ سالہ بچہ یونس گر کر ڈوب گیا۔

ابتدائی طور پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو ڈھونڈنے کی حتی الامکان کوشش کی لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ریسکیو ادارے کو فوری طور پر کردی تھی لیکن جب ریسکیو رضاکار پہنچے تو پانی کا تیز بہاؤ دیکھ کر بغیر کوئی کارروائی کیے واپس چلے گئے۔

لیاری ندی میں گرنے والا 11 سالہ یونس الآصف اسکوائر سہراب گوٹھ کا رہائشی ہے، بچے کے لواحقین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بچے کی تلاش میں ہماری مدد کی جائے۔

مزیدپڑھیں : کراچی میں ایک اور بچہ نالے میں گر کر لاپتہ

یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی لیاری ندی میں 2 بچوں کے ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا، ایک بچے کی عمر 8سالہ جبکہ دوسرا بچہ محض دو سال کا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں آئے روز بچوں کے نالوں اور گٹروں میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں لیکن متعلقہ حکام اور ادارے روایتی بیانات اور اقدامات پر ہی اکتفا کرتے ہوئے اگلے حادثے کی خبر انتظار کرتے ہیں۔