سولر پر ٹیکس، ناصر شاہ نے وزیراعظم سے کیا درخواست کی؟

ناصر حسین شاہ

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے سولر پینل پر ٹیکس نہ لگانے کی درخواست کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کچھ عناصر وفاقی حکومت کو سولر پینل پر ٹیکس لگانے کی تجویز دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سولر پینل پر بھی ٹیکس لگایا تو غریب مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دب جائے گا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست ہے کہ سولر پینل پر ٹیکس نہ لگائیں بلکہ وفاقی حکومت سولر پینل کی خریداری کے لیے عوام کو پیکیج دے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاور ڈویژن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سولر پاور پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی یا پاور ڈویژن نے ایسی کوئی سمری نہیں بھیجی، ایسی تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہے جن سے غریب کو مزید بوجھ سے بچایا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ 12 کلو واٹ گھریلو یا کمرشل سولر پینل لگانے والوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے گھریلو یا کمرشل سولر صارفین پر 2ہزار روپے فی کلوواٹ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 12کلو واٹ کا سولرپینل لگانے والے صارفین سے 24ہزار روپے وصول کیےجائیں گے۔