ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا میچز سے جڑے کچھ دلچسپ حقائق

ورلڈ کپ میں آج پاکستان اور آسٹریلیا ٹکرائیں گے اب تک میگا ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 10 بار مدمقابل آئیہیں جن سے جڑے کچھ دلچسپ حقائق حیران کن ہیں۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں آج بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں ریکارڈ 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور 1992 کی عالمی چیمپئن پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اب تک ہونے والے میگا ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 10 بار آمنے سامنے آئی ہیں جن میں 6 بار آسٹریلیا اور چار بار پاکستان نے فتح اپنے نام کی تاہم ان میچز سے جڑے کچھ دلچسپ حقائق شائقین کرکٹ کے لیے حیران کن ہوں گے۔

پہلی دلچسپ حقیقت تو یہ ہے کہ ورلڈ کپ کی 48 سالہ تاریخ اور 12 ایونٹ میں آج تک کوئی ٹورنامنٹ ایسا نہیں گزرا جس میں گرین شرٹس اور کینگروز دونوں ہی نہ پہنچیں ہوں ہر ایونٹ میں کم از کم ایک ٹیم نے سیمی فائنل ضرور کھیلا ہے۔

گزشتہ 24 سال سے پاک آسٹریلیا ورلڈ کپ مقابلوں میں کی یہ حیران کن خاصیت ہے کہ آخری 6 ورلڈ کپ میں جس ٹیم نے ٹاس جیتا ہے وہ میچ ہاری ہے۔ اس عرصے میں آسٹریلیا نے جو چار میچز ہارے اس میں کینگروز نے ٹاس جیتا اور گرین شرٹس جو دو میچز ہاری اس میں بھی پاکستان نے ٹاس جیتا۔

ورلڈ کپ میں ان دونوں کے باہمی میچز کی ایک اور دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ 1987 سے ہونے والے میگا ایونٹس میں پاکستان ہر 12 سال بعد آسٹریلیا سے جیتتا آیا ہے۔ 1987 میں کینگروز نے سیمی فائنل میں شاہینوں کو ہرایا تو 1999 میں پاکستان نے راؤنڈ میچ میں کینگروز کو شکست سے دوچار کیا۔

پھر 2003 اور 2007 میں پاکستان ہارا لیکن 2011 میں شاہد آفریدی کی قیادت میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بازی قومی ٹیم کے نام رہی۔ 2015 اور 2019 میں آسٹریلیا فاتح رہا تو 2023 بارھواں سال ہے۔

اگر مذکورہ تمام اتفاقات کو مدنظر رکھا جائے تو آج کے میچ کا نتیجہ پاکستان کے حق میں جاتا دکھائی دیتا ہے کیونکہ ہر 12 سال بعد فتح پاکستان کی جھولی میں گرتی ہے، اگر ٹاس آسٹریلیا جیت جاتا ہے تو اس امکان کو مزید تقویت ملتی ہے۔

تاہم یہ تمام مضروضات ہیں کھیل میں وہی ٹیم جیتے گی جو آج میدان میں اچھا کھیلے گی۔