بیٹے نے ماں کی موت کے تین دن بعد خواہش پوری کردی

بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں شرکت کرکے بیٹے نے ماں کا خواب پورا کردیا۔

بہار کے علاقے دربھنگہ کے طالب علم اکشے آنند کی والدہ اب دنیا میں نہیں لیکن اکشے نے اپنی ماں کا خواب پورا کردکھایا، ماں کی موت کے صرف تین دن بعد انہیں کے بی سی میں جانے کا موقع ملا۔

اکشے آنند نے ہمت نہیں ہاری اور ساڑھے سات لاکھ روپے کی انعامی رقم جیت لی۔

دراصل چھٹی کلاس کے طالب علم اکشے آنند کی والدہ آرتی جھا نے 2019 میں کون بنے گا کروڑ پتی میں شرکت کی تھی اور 6 لاکھ 40 ہزار روپے کی رقم جیتی تھی۔

ان کی خواہش تھی کہ بیٹا اکشے بھی اس مقابلے میں حصہ لے، اپنی والدہ کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے اکشے ٹیلی فون کرکے بارہا کے بی سی جونیئر میں شرکت کے لیے کوششیں کرتے رہے۔

اکشے کی ان کوششوں کے دوران علم ہوا کہ والدہ کو کینسر ہے جب انتخاب کے بعد کے بی سی کی شوٹنگ کا عمل جاری تھا تو ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا۔

ان کی والدہ بینک میں ملازمت کرتی تھیں جبکہ والد پروفیسر ہیں۔

ماں کی موت کے بعد بھی اکشے نے ہمت نہیں ہاری اور عزم ے ساتھ ہاٹ سیٹ تک پہنچ گئے، اکشے نے کے بی سی میں گیارہ سوالوں کے درست جواب دیے اور 12 ویں سوال کا جواب معلوم نہ ہونے پر شو چھوڑا اس طرح انہوں نے ساڑھے سات لاکھ روپے کی انعامی رقم جیتی۔