ممبئی: متنازع بیانات دینے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی انگریزی کا مذاق اڑانا اداکارہ سونم کپور کو مہنگا پڑگیا۔
چند سالوں قبل مشہور شو ’کافی ود کرن‘ میں سونم کپور نے کنگنا رناوت کی انگریزی بولنے کی مہارت کا مذاق اڑایا تھا۔ کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر شو کا مختصر کلپ شہیر کرتے ہوئے سونم کپور کے بیان پر سخت ردعمل دے دیا۔
کلب میں شو میزبان و نامور فلمساز کرن جوہر سونم کپور سے پوچھتے ہیں کہ اگر آپ کے پاس انگریزی بولنے کی صلاحیت کسی کو دینے کی طاقت ہو تو آپ کس اداکارہ کو دیں گی؟ اس پر سونم کپور نے فوراً کنگنا رناوت کا نام لیا۔
کنگنا رناوت نے ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں لکھا کہ ’فلم مافیا کے ساتھ برسوں کی لڑائی سے میں نے یہ سیکھا ہے کہ انگریزی نہ بولنے پر کسی بھی شخص کا مذاق نہیں اڑایا جائے گا۔۔۔ اور وہ شو باضابطہ طور پر ہمیشہ کیلیے بند کر دیا گیا۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ فلم انڈسٹری میں میری واپسی کو یاد کریں جب 24 سال کی عمر میں کھلے عام تذلیل اور مذاق اڑانے کے بعد بھی میں نے عاجزی کا مظاہرہ کیا جو انگریزی بولنے والی آنٹیاں نام نہاد عظیم پرورش کے ساتھ کبھی نہیں کر سکتیں۔