وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنااللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے ویزا مانگیں گے تو ان کو دے دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے میں نے پہلے بھی کہا تھا بانی 4 سال وزیراعظم رہے تب بھی ان کے بیٹوں کو آنے نہیں دیا گیا اور بطور وزیراعظم حلف برداری تقریب پر بھی بیٹے نہیں آئے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ اب یہ بات بنتی نہیں ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے ملاقات کےلیے آنا چاہتے ہیں اگر بیٹے ویزا مانگیں گے تو ان کو دے دیا جائے گا۔
مشیر نے کہا کہ 14 اگست کو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی اور پی ٹی آئی نقصان پہچانے کی کوشش کرے گی، یوم آزادی کے سلسلے میں انتظامیہ سخت حفاظتی اقدامات کرے گی، پی ٹی آئی 14 اگست کو کوئی ایسی صورت نکالنے کی کوشش کرے گی کہ نقصان ہو کسی نے کوئی ایسا پروگرام بنا رکھا ہے تو حراست یا نظر بند کیا جا سکتا ہے تاہم پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو وزیراعظم سے سیاسی ملاقات کے لیے نہیں آئے تھے وہ وزیراعظم کےکزن کے انتقال پر تعزیت کےلیے آئے تھے، بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا جب سیاستدان بیٹھیں تو دیگر معاملات پربھی ہلکی پھلکی بات چیت ہو جاتی ہے۔