وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ، جس میں عملے کے مہمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے کل انتخاب سے متعلق پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی اور عملے کے مہمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ اسپیکر باکس، آفیسر باکس اورمہمانوں کی گیلریاں بند ہوں گی تاہم میڈیا گیلری کھلی ہوگی۔

محمد خان بھٹی کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی اسمبلی کی طرف سے جاری شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، ایوان میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی۔

سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اراکین کا اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخلہ ڈیوٹی فری شاپ کی طرف گیٹ سے ہوگا۔

محمد خان بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اسمبلی سیکرٹریٹ کی چاردیواری کےباہرانتظامی معاملات کنٹرول کرے گی اور میڈیا پریس گیلری کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کی کوریج کرے گا۔