غزہ میں خونریزی، جنوبی افریقی وزیر خارجہ کا نیتن یاہو کی گرفتاری کا مطالبہ

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، بے گناہ فلسطینیوں کی شہادتوں میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایسے میں جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے بھی اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنے ایک کالم میں جنوبی افریقی وزیر خارجہ Naledi Pandor کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا جائے گا۔

جنوبی افریقی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم آئی سی سی کے پراسیکیوٹر سے تحقیقات کی رفتار بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہیں ‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا مطالبہ ہے کہ آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں موجود 4 میں سے 3 خلاف ورزیوں یعنی جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل عام کی تحقیقات کی جائے’۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے کچھ اراکین کے خلاف گرفتاری کے وارنٹس جاری کیے جانے انتہائی ضروری ہیں، ‘ہمیں توقع ہے کہ ذمہ داران کے خلاف گرفتاری کے وارنٹس جاری کیے جائیں گے’۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں کے بعد جنوبی افریقا نے اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔