جنوبی کوریا میں اپوزیشن رہنما پر چاقو سے حملہ

جنوبی کوریا

جنوبی کوریا میں اپوزیشن پارٹی کے رہنما چاقو کے حملے میں زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما لی جے میونگ ساحلی شہر بوستان کے دورے پر تھے کہ ایک شخص نے ان کی گردن میں چاقو گھونپ دیا۔

لی جے میونگ کو بیہوشی کی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی عمر 50 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور آٹو گراف لینے کے بہانے اپوزیشن رہنما کے قریب آیا، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

صدر یون سک یول نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک ناقابلِ قبول عمل ہے۔‘

انہوں نے لی جے میونگ کے لیے تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ بہترین دیکھ بھال کی جائے تاکہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو سکیں۔

گیونگی صوبے کے سابق گورنر لی جے میونگ کو 2022 کے صدارتی انتخابات میں سابق چیف پراسیکیوٹر یون سے شکست ہوئی تھی۔

لی جے کو ایک ترقیاتی منصوبے میں مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں ٹرائل کا سامنا ہے جب وہ سیونگنم کے میئر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے ان الزامات کو ’سیاسی سازش‘ قرار دیا ہے۔

لی جے میونگ اگست 2022 سے مرکزی اپوزیشن پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے آئندہ پارلیمانی انتخابات رواں سال اپریل میں ہوں گے۔