جنوبی وزیرستان: دہشت گرد حملے میں زخمی ڈی ایس پی دم توڑ گئے

جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ڈی ایس پی دم توڑ گئے

پشاور:جنوبی وزیرستان لوئر میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونیوالے ڈی ایس پی برمل رخمین دم توڑ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 3 جولائی 2025 کو جنوبی وزیرستان لوئر میں اضرب خوڑ کے قریب پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ ہوا تھا مسلح افراد کے حملے میں ڈی ایس پی برمل رخمین خان زخمی ہوگئے تھے۔

تاہم اب پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی رخمین خان پشاور کے نجی اسپتال کئی روز زیرعلاج  کے بعد آج چل بسے ہیں، شہید ڈی ایس پی کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں اداکردی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رخمین خان کے نماز جنازہ میں آئی جی کےپی پولیس ذوالفقار حمید اور سی سی پی او قاسم خان نے شرکت کی، اس موقعے پر آئی جی نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس فورس کے حوصلےپست نہیں کر سکتے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے افغان سرحد سے متصل علاقوں اور وزیرستان میں حالیہ کچھ عرصے میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، اس دوران شہریوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ سرکاری افسران کو بھی ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

حالیہ عرصے میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنایا ہے، تاہم فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان کے اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی آئی ہے۔