وزیرستان(7 اگست 2025): جنوبی وزیرستان کے وانا بازار میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے کا واقعہ وانا بازار میں پولیس وین کے قریب پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 3 راہگیر جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منقتل کیا جارہا ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا پولیس وین کے قریب ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپر جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) عصمت اللہ وزیر کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا، تاہم وہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے۔
ترجمان جنوبی وزیرستان پولیس شعیب محسود کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اپر جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے حبیب کوٹ اڈانہ کے قریب نامعلوم حمہ آوروں نے ڈی سی عصمت اللہ وزیر کی گاڑی پر اُس وقت حملہ کیا جب وہ لدھا سے مکین کے علاقے کی جانب جا رہے تھے، حملے کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب اسپیکر ایاز صادق نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔