کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ کے سابق انچارج علی رضا کو متحدہ لندن سے رابطوں کے الزام میں نوکری سے برطرف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ کے کارکن عمیر صدیقی نے دورانِ تفتیش تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا تھاکہ ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا متحدہ ٹارگٹ کلرز کو معاونت اور معلومات فراہم کرتے ہیں۔
زیر حراست ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ سی ٹی ڈی کے انچارج متحدہ ٹارگٹ کلرز کی سہولت کاری اور دیگر اقدامات بھی کرتے ہیں، تمام الزامات کے بعد جے آئی ٹی نے علی رضا کو جواب دائر کرنے کے لیے طلب کیا تاہم وہ تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہوئے۔
پڑھیں: کراچی: ایم کیو ایم کے گرفتار کارکن عمیرصدیقی کے پوچھ گچھ کر دوران اہم انکشافات
سی ٹی ڈی کے سابق سربراہ نے جے آئی ٹی کے سامنے تحریری جواب نامہ پیش کیا، ایڈیشنل آئی جی سندھ مشتاق مہر نے جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں ایس پی سی ٹی ڈی کو ملازمت سے برطرف کردیا۔
واضح رہے چوہدری اسلم کی شہادت کے بعد علی رضا کو سی ٹی ڈی کا انچارج مقرر کیا گیا تھا۔